عید پر شہریوں کو کے الیکٹرک کے جھٹکے – برقی آلات ناکارہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی بجلی بندش کا سلسلہ عید کے دوران بھی جاری رہا ،کئی علاقوں میں تیز وولٹج کے باعث شہری اپنے قیمتی برقی آلات سے بھی محروم ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے عید نے ایام میں بھی اپنی روایت برقرار کھتے ہوئے شہر کے مختلف عااقوں میں بجلی بندش کا سلسلہ جاری رکھا ،شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلسہ عید کے تینوں دن جاری رہا۔ بلدیہ ، سرجانی ٹاؤن ، فیڈرل بی ایریا ، گلستان جوہر ،نیو کراچی،شاہ فیصل ، ملیر ، کورنگی ، لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں عید کے دنوں میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ، اس حوالے سے لانڈھی نمبر 4 کے رہائشی شہری محمد آصف نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ عید کے پہلے روز علاقے میں صبح 5 بجے ہی بجلی بند کر دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ متعدد بار شکایت کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے علاقائی فالٹ بتایا جاتا رہا تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود علاقے کی بجلی بحال نہ کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ گھنٹوں بعد بجلی بحال ہونے کے بعد پاور تیز آنے کی وجہ سے گھروں میں موجود پنکھے ٹی وی اور فریج جل گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ عید کے پہلے روز لانڈھی 3 اے ، بی اور4 نمبر کے علاقوں میں دن بھر بجلی غائب رہی ، جبکہ ملیر ، شاہ فیصل کالونی ، کورنگی میں بھی بجلی یومیہ 2 سے 3 گھنٹے بجلی بندش کا سلسلہ جاری رہا ۔ بعض علاقوں میں رات کے اوقات بجلی بندش نے شہریوں کو دہری اذیت میں مبتلا کئے رکھا۔علاوہ ازیں عید کے تینوں دن غیر بجلی بندش کے باعث شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے گلزارِ ہجری اور اس کے ملحقہ علاقوں گلشنِ کنیز فاطمہ، اسکیم 33 اور کراچی یونیورسٹی کے قرب و جوار کے دیگر علاقوں میں عید کے دوسرے دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی ختم ہوگیا جبکہ قربان کیے گئے جانوروں کا گوشت خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے، اس کے ساتھ دیگر گھریلوامور کی انجام دہی میں سخت مشکلات درپیش رہیں۔ اس حوالے سے جب کے الیکٹرک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے شہر میں کسی بڑے فالٹ کی موجودگی سے انکار کیا۔ کے الیکٹرک نمائندے کا کہنا تھا کہ شہر کے کچھ علاقوں میں بارش اور نمی کے باعث مختلف مقامات پر خرابی کی شکایات ہیں جنہیں کے الیکٹرک کی ٹیم درست کر کے بجلی بحال کررہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment