ڈیزل 17 روپے سستا کرنے کا مشروط اعلان

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک/ ایجنسیاں)وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔ڈیزل غریب آدمی استعمال کرتا ہے، ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول کے برابر لانےکی کوشش کریں گے، فیصلے پر عملدرآمدسے ڈیزل 17 روپے 70 پیسے فی لیٹر سستا ہو جائےگا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ گیس کمپنیوں کے نقصانات کوکم کریں گے۔وزارت کے افسران 19 گھنٹوں میں اضافی گاڑیاں متعلقہ محکموں کو واپس کردیں۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔ایل این جی سمیت تمام معاہدوں کاجائزہ لے کر انہیں منظر عام پر لاؤں گا۔ انہوں نے بتایاتاپی معاہدے پر کام 2019 میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، کوشش ہو گی کہ گیس پائپ لائن کے حوالے سے ایران کو عالمی عدالت انصاف جانے کی نوبت نہ آئے۔غلام سرور نے بتایا پی پی ایل نے سانگھڑ میں تیل کا کنواں دریافت کیا ہے جس سے یومیہ 91 بیرل تیل کی پیداوار ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment