اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے یونیورسٹیوں میں داخلوں کے لیے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔یہ نظام بھی نجی اداروں کو دیا جائے گا ۔ حتمی منظوری گورننگ باڈی دے گی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی ہدایات پر ٹیسٹنگ کونسل اب مزید فعال نہیں رہے گی۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے تحت طلبا سے بغیر فیس چارج کیے امتحان لیا جاتا تھا۔ اب یہ ٹیسٹنگ سسٹم پرائیویٹ اداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ایچ ای سی کے نئے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی اور دیگر ممبران کے ساتھ متعدد مرتبہ تبادلہ خیال کے بعد ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد علی نے ای ٹی سی کو بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔دوسری جانب ایچ ای سی ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین طارق بنوری کا خیال ہے کہ ٹیسٹ ایچ ای سی کے تحت نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ایچ ای سی مانیٹرنگ ادارہ ہے اور ٹیسٹ لینا مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو بند کرنے کی حتمی منظوری ایچ ای سی کی گورننگ باڈی سے حاصل کی جائےگی۔ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ڈائریکٹر طاہر خاکوانی کو ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل میں تعینات کیا گیا جبکہ نیب طاہر خاکوانی کو گرفتار کر چکی ہے اور این ٹی ایس طاہر خاکوانی کو ملازمت سے بھی برطرف کر چکی ہے۔واضح رہے کہ یونیورسٹیوں میں داخلوں کیلئے عدالتی حکم پر ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل 2017 میں قائم کی گئی تھی۔