سعودیہ میں جاں بحق حجاج کی شناخت کیلئے فنگر پرنٹ حاصل

مکہ (ایجنسیاں) سعودی وزارت حج و عمرہ نے محکمہ پاسپورٹ کے تعاون سے جاں بحق حجاج کی شناخت کیلئے فنگر پرنٹس حاصل کر لئے۔ محکمہ پاسپورٹ کے ای سیکشن نے فنگر پرنٹس کے خود کار نظام کے تحت نشاندہی کاکام شروع کردیا ہے ۔ وزارت حج کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں رہنما مراکز اور ہسپتالوں میں موجود حجاج کے کوائف اورفنگر پرنٹس حاصل کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب سعودی حکام نے اجازت نامے کے بغیر حج کرنے پر 99 افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے ،ان میں سے جو غیر ملکی تھے انہیں قید وجرمانے کے بعد ملک سے بیدخل کیا جائے گا۔ محکمہ پاسپورٹ کے اعلامیے کے مطابق جن سعودی شہریوں یا غیر ملکیوں نے غیر قانونی حجاج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی ان کی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ حج موسم کے دوران اب تک 15غیر ملکیوں کو حج قوانین کی خلاف ورزی پر سعودی عرب سے بیدخل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا مسجد الحرام میں ایک حاجی نے جمعہ کی رات مسجد الحرام کی چھت سے صحن میں چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔سیکورٹی اور امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔حرمین شریفین پریزیڈنسی کے ترجمان احمد بن محمد المنصوری نے بتایا کہ اس شخص کا تعلق عراق سے تھا، تاہم اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment