اسلام آباد(نمائندہ امت)وفاقی حکومت بننے کے بعد بھی اراکین پارلیمنٹ کی تحریک انصاف میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ ہفتہ کو صوبہ خیبرپختون میں ضم ہونے والے علاقے قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے 3 سینیٹروں و 2 سابق اراکین قومی اسمبلی نے4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔خیبرپختون میں ضم ہونے والے اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اورنگزیب خان، سینیٹر سجاد طوری اور سینیٹر مومن خان آفریدی کے علاوہ سابق رکن قومی اسمبلی ناصر خان و مرزا محمد ایوب نے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے عمران خان کے وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے شمولیت پر سینیٹروں و سابق اراکین قومی اسمبلی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر حاجی فدا اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سینیٹ میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد کم ہے اور حکومت کو 4ستمبر کو ہونے والے الیکشن میں اپنے امیدوار کو جتوانے کا چیلنج بھی درپیش ہے ۔ سینیٹ کے 3اراکین کے شامل ہونے پر ایوان بالا میں تحریک انصاف کے ووٹوں میں قدرے اضافہ ہو گیا ہے ۔