شہری کو تھپڑ پرپی ٹی آئی رہنما عمران شاہ کو 5لاکھ جرمانہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہری کو تھپڑ مارنے والے تحریک انصاف ایم پی اے عمران علی شاہ کو انوکھی سزا سنا دی گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کراچی کے صدر اور ایم پی اے فردوس شمیم کا کہنا ہے کہ شہری کو بیچ سڑک پر تھپڑ مارنے والے ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ کو پارٹی کی طرف سے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور20مریضوں کا مفت علاج کرانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران شاہ 5 لاکھ روپے جرمانہ ایدھی ہوم کے اکاونٹ میں جمع کرائیں گے جبکہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ریکومنڈ کئے گئے20 بزرگ مریضوں کا اپنے ہسپتال میں مفت علاج کریں گے۔ پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ ” عمران شاہ 5 لاکھ جرمانہ ایدھی سینٹر میں دیں گے اور 20 بزرگوں کا ایدھی سینٹر میں مفت علاج بھی لازم ہے جبکہ دوبارہ ایسی حرکت پر پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔“واضح رہے کہ عمر ان علی شاہ نے بیچ سڑک پر شہری پر تھپڑ برسائے اور اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد انہوں نے مذکورہ شہری کے گھر جا کر معافی بھی مانگی تاہم پی ٹی آئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پہلے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا اور پھر پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔

Comments (0)
Add Comment