متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے تاحال اقدامات نہیں کئے گئے-علاقہ مکین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ نے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باوجود تاحال کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے ۔ جس کے باعث نشیبی علاقوں، برساتی نالوں کے اطراف کی آبادیوں اور کچی آبادیوں کے مکین شدید پریشان ہیں ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجودبرساتی نالوں کی نمائشی صفائی کی گئی اور ملبہ اطراف میں ڈال دیا گیا ۔ اب نالوں میں کچرے کے علاوہ جانوروں کی آلائشیں تک ڈالی جا رہی ہیں، محمود آباد گیٹ کے قریب برساتی نالے کی نمائشی صفائی کی گئی ، تاہم پلی کے نیچے اور اطراف میں نالہ اب بھی کچرے سے بھرا ہوا ہے۔علاقہ مکین جعفر علی نے کہا کہ دو ڈمپر کچرے کے نکال کر صفائی ہوتی ہے، نالے کو 10سال سے صاف نہیں کیا گیا۔ نالے کے اندر جھاڑیاں اگی ہوئی ہیں۔ نالے کے اطراف دیوار بنانی چاہئے۔منظور کالونی نالے پر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تجاوزات کا ملبہ دوبارہ نالے میں گر رہا ہے۔ علاقہ مکین رحیم الدین نے بتایا کہ اس بار نالے کی صفائی کا کام برائے نام ہوا ہے، دعا کر رہے ہیں کہ تیز بارش نہ ہو، ورنہ تباہی پھیل جائے گی۔ اگر علاقوں میں کچرا کنڈیاں ہوں تو کچرا نالے میں کون ڈالے گا۔ شہبازنے کہا کہ گلی کوچوں کی کچرا کنڈیوں پر تجاوزات قائم ہو چکی ہیں، اب کچرا سڑک پر نہ ڈالیں تو کہاں ڈالیں ۔ کورنگی صنعتی ایریا کے نالےپر تاحال کچرے کے ڈھیر پڑے ہیں اور 10 فیصد بھی صفائی نہیں ہوئی بلال کالونی بنگالی پاڑہ اور سبزی مارکیٹ سے گزرنے والے نالے کاکچرا اطراف میں ڈال دیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment