نواب شاہ (نمائندہ امت) نوابشاہ کے اسپتال میں مریض کے ا نتقال پر ڈاکٹروں، اسٹاف پر تشدد کیا گیا ۔ لواحقین نے ٹراما سینٹر کے شیشیے توڑ دئیے ،ڈاکٹر نثار نے کہاہے کہ ہمیں یہاں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے نواحی گاؤں پنھل خان چانڈیو سے ایک 27 سالہ مریض محمد نعیم ولد شاہ نواز چانڈیو کو پیپلزمیڈیکل یونیورسٹی اسپتال نواب شاہ کے ٹراما سینٹر لایا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نثار نے مریض کو چیک کرنے کے بعد کہاکہ یہ تو مرچکا ہے جس پر متوفی نعیم کے ساتھ آنے والے لواحقین نے ڈاکٹر نثار اورپیرا میڈیکل اسٹاف کو زدوکوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا اس کے علاوہ ٹراما سینٹر کے شیشے وغیرہ توڑ دئیے۔ دریں اثنا مشتعل افراد متوفی محمد نعیم کی لاش کو آئی سی یو بھی لے گئے اوروہاں بھی غل غپاڑہ مچایا۔ بعدازاں ڈاکٹر نثار اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے عملے نے ”امت“ کو بتایا کہ یہاں سے ہمیں کسی بھی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ہے اور اس طرح کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں یہاں ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے درخواست کی کہ وہ ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کا حکم دیں ۔ بعدازاں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا ۔ اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔ جبکہ اس واقعے کی تاحال کوئی این سی یا ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی ہے ۔