غیر قانونی احکامات نہ ماننے والا وزارت منصوبہ بندی کا افسرسائیڈ لائن

اسلام آباد ( امت نیوز) پی ٹی آئی حکومت کے پہلے روز ہی سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات نے اکنامسٹ گروپ کے گریڈ 20کے افسرشاہد ضیا ءچیمہ کو عہدے سے اس بات پر ہٹا دیا کہ اس نے وزارت میں ایک 71 سالہ کنٹریکٹ افسر آصف شیخ کو اپنے اختیارات حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔ غیر قانونی کام کرنے سے انکار پر سیکرٹری نے شاہد ضیا ء کو نہ صرف ہٹا دیا بلکہ میڈیا کو یہ بتایا گیا کہ شاہد ضیاء ایک نا اہل افسر ہے اور چیف انویسٹمنٹ پروگرام کے عہدہ رکھنے کے قابل نہیں ۔ تحریک انصاف حکومت کے رہنما نے دعوی کیا تھا کہ گڈ گورننس کا عملی نمونہ پیش کریں گے لیکن ان کی حکومت کے پہلے روز ہی ایک ایسے افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جس نے غیر قانونی کام کرنے سے انکار کیا تھا ۔واضح رہے کہ وزارت منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات میں تعینات اکنامسٹ گروپ کے گریڈ 20کے افسرشاہد ضیا ء چیمہ کو چیف انویسٹمنٹ پروگرام کے عہدے سے ہٹا یا گیااور انہیں وزارت منصوبہ بندی کے اسٹیبلشمنٹ ونگ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ان کی جگہ چیف( ایس ڈی جیز) شاہد نعیم کو چیف انویسٹمنٹ پروگرام کا اضافی چارج دے دیاگیا ۔ سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی کی منظوری سے ان کی برطرفی کا نوٹفیکیشن جاری کیا گیا، نوٹفیکیشن میں کہا گیا کہ شاہد ضیا چیمہ کو قواعد وضوابط کی خلاف ورزی ، انتظامی امور میں کوتاہی پر عہدے سے برطرف کیا گیا ۔

Comments (0)
Add Comment