راولپنڈی (امت نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نےتین فریٹ افسروں کو معطل کردیا ہے۔ انہوں نے 15 ستمبر سے 2نئی ٹرینین چلانے کا بھی اعلان کیا ہے۔شیخ رشید کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئی گاڑیاں راولپنڈی تا لاہور اور کندیاں تا راولپنڈی چلائی جائیں گی اور اسی سال ریلوے کو خسارے سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نہ کسی سے عناد ہے اور نہ محبت، میں صرف کام چاہتا ہوں، ریلوے میں نالائق اور کام چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔انہوں نے ریلوے میں 60 سال سے کھڑی گاڑیوں کو نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اخراجات میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے اور فریٹ ٹریڈ کو بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فریٹ میں 20 فیصد اضافے کا کہا ہے اوراس کی یومیہ رپورٹ مجھے فراہم کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ باہر سے امپورٹ کرنے کے بجائے سب کام پاکستان میں کرنا چاہتاہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام اسکول اور اسپتال نجی سیکٹر کو دینے کو تیار ہیں اور آن لائن ٹکٹنگ میں ٹریول ایجنٹس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے کی زمین پر درخت لگائے جائیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی 4 ہزار ایکڑ اراضی پرلوگ قابض ہیں، پانچ فائیو اسٹار ہوٹلز کے لیے ہمارے پاس پلاٹس موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈی ایس سے کہا ہے کہ مجھے یہاں سے 10 ارب روپے چاہئیں۔