لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے شیخ رشید کے ٹرین میں سفر کے دوران بنائی گئی ویڈیو فیس بک پر شیئر کی اور انہیں یاد دہانی کروائی کہ جس ٹرین میں وہ نہایت فخر سے سفر کر رہے ہیں، یہ سارا ریلوے نظام ان ہی کا مرہونِ منت ہے۔سعد رفیق نے لکھا، ’جناب شیخ رشید احمد! یاد رکھیے گا کہ ہم نے آپ کے حوالے ایک ایسی ریلوے کی ہے جس میں وزیر بنتے ہی آپ نے سفر کرتے ہوئے اپنی ویڈیو بنا کے فخریہ طور پر اَپ لوڈ کی ،ہمارا، آپ کا اور پوری قوم کا یہ فخر برقرار رہنا چاہیے‘۔سابق وزیر ریلوے نے اپنے دور میں ہونے والی ریلوے کی آمدن پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ وہی ریلوے ہےجس کی آمدن 18 ارب تھی اور 5 سال کے دوران اس میں ساڑھے 32 ارب کا اضافہ ہوا، یعنی ہر برس اوسطاً ساڑھے 6 ارب روپے کا اضافہ۔سعد رفیق نے کہا کہ ایک سرکاری ادارے کی آمدن میں یہ ریکارڈ اضافہ ہماری محنت، دیانت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ساتھ ہی انہوں نے شیخ رشید کو مخاطب کر کے لکھا، ‘آپ نے کہا کہ آدھا ریلوے نیب زدہ ہے، مگر ہمارے دور کا ایک بھی ریفرنس نیب میں نہیں، سب پرانے گھپلے اور فراڈ ہیں۔سابق وزیر ریلوے نے شیخ رشید کو یہ بھی باور کروایا کہ ریلوے کے ملازمین کو ادارے کی نجکاری اور نیلامی کا کوئی خطرہ نہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ خطرہ اُن سے دور ہی رہے گا۔سعد رفیق نے مزید لکھا کہ وہ ریلوے کی ترقی اور کامیابی چاہتے ہیں جو موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی بھی کامیابی ہوگی۔ساتھ ہی انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے لکھا،یاد رکھیے گا کہ قومی ادارے مخالفت برائے مخالفت کی منفی سیاست کے اکھاڑے نہیں ہوتے اور یہ کہ جدت کا سفر طے کرتا ریلوے اگر دوبارہ تباہ ہوا تو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔واضح رہے کہ 24 اگست کو شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک صاف ستھری ٹرین میں بیٹھے نظر آئے۔