گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

کراچی/ عارف والا (امت نیوز)گستاخانہ خاکوں پر ہالینڈ کے خلاف عارف و الا و دیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مسلم حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ہالینڈ سے ہر قسم کے تعلقات کا خاتمہ کیا جائے۔ملک میں ہالینڈ کی تمام مصنوعات پر پابندی لگائی جائے۔کراچی میں آج’’ہالینڈ مردہ باد ریلی‘‘ نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔گزشتہ روز عارف والا میں سیکڑوں افراد نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اعلان پر احتجاجی ریلی نکالی۔شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے، جن پر مذمتی نعرے درج تھے۔ریلی مختلف بازاروں سے گزرکر گولہ چوک قبولہ پہنچی۔ریلی میں ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شرکا نے پاکستان اور تمام عالم اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ آقائے دوجہاںؐ کی شان میں گستاخی کرنے پر ہالینڈ سے تعلقات ختم اور مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔عارف والا کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ہالینڈ سے نہ صرف تعلقات ختم کیے جائیں ، بلکہ توہین رسالت کا سلسلہ روکنے کے لیے مسلم ممالک ٹھوس لائحہ عمل بنائیں ۔ جماعت اہلسنت کراچی کے ترجمان نے غازی عبدالقیوم شہید کے مزار پر وفد کے ہمراہ حاضری دی۔اس موقع پر شرکا نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حساس مسئلے پر اقوام متحدہ ،اوآئی سی اور پاکستان مسلمانوں کی ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے اپنا موٴثر کردار ادا کریں۔دریں اثنا کراچی میں آج بروز اتوار جیکب لائن سے علما کرام کی قیادت میں ’’ہالینڈ مردہ باد ریلی‘‘ نکالی جائے گی، جو نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment