ٹرمپ پالیسیوں نے امریکی معیشت کی جڑیں ہلادیں

نیویارک(آن لائن) عالمی اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ آئندہ مہینوں کے دوران امریکی اقتصادی شرح نمو شدید کم ہونے کا خدشہ ہے ‘جس کی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دیگر ملکوں کیساتھ تجارتی جنگ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ماہرین اقتصادیات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ جائزہ سروے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے کاروباری اداروں کو 1.5 ٹریلین ڈالر کی ٹیکس رعایت دینے کے بعد رواں سال کی دوسری سہ ماہی (اپریل سے جون) کے دوران ملکی اقتصادی شرح نمو سالانہ بنیادوں پر 4.1 فیصد رہی جو کہ گزشتہ 4 سال کے عرصے میں بہترین اقتصادی شرح نمو تھی۔سروے کے مطابق اگر صورتحال جاری رہی تو رواں سال کے اختتام تک امریکی اقتصادی ترقی میں اضافہ رک جائیگا اورآئندہ سال کے آخر تک اس کی اقتصادی شرح نمو رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں قریبا نصف رہ جائیگی۔اس سے قبل ماہرین نے رواں سال تیسری سہ ماہی کے دوران امریکی اقتصادی شرح نمو 3 فیصد جبکہ آخری سہ ماہی میں 2.7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment