سعودیہ پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام-بحیرہ احمر میں بارودی سرنگیں ناکارہ

ریاض/صنعا (خبر ایجنسیاں)سعودی عرب نے حوثی باغیوں کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنا دیا، جبکہ یمنی فوج نے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کو نقصان پہنچانے کیلئے نصب 6 بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق سرحدی شہر نجران پر شام 7 بج کر 52 منٹ پر داغا گیا بیلسٹک میزائل تام ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی پیٹریاٹ میزائل کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر یمن کی قومی فوج نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی پانیوں میں حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی 6 بارودی سرنگیں نکال کر دھماکوں سے اڑا دیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یمنی فوج کے ذرائع نے بتایا کہ صوبہ حجہ میں واقع حبل کی بندرگاہ کے نزدیک بحری ٹیموں کو سمندر میں 2 میٹر گہرائی میں چھپائی گئی 6 بارودی سرنگوں کا سراغ ملا تھا، جنہیں نکالنے کے بعد تلف کردیا گیا۔ یمنی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی بحیرہ احمر میں بارودی سرنگوں اور کھلونا کشتیوں سے حملوں کے ذریعے بین الاقوامی جہاز رانی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرر ہے ہیں، جسکے سدباب و تجارتی بحری جہازوں کے محفوظ سفر کیلئے ضروری اقدامات کرلئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment