امریکی فوج نے مسجد-مکانات پر بم برسادیئے-5افغان شہید

پشاور/کابل(نمائندہ خصوصی/امت نیوز)افغانستان کے صوبوں غزنی، قندوز، میدان وردگ اور لوگر میں امریکی طیاروں کی بمباری سے مسجد اور 5 افراد شہید جبکہ متعدد مکانات منہدم ہو گئے جبکہ طالبان حملوں میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف سمیت 14 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں داعش خراسان کے سربراہ ابوسعید ارہابی کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ غزنی ضلع مقر کے اصغرخیل گاوٴں کی مسجد پر امریکی طیاروں نے بمباری کی جس سے مسجد مکمل طور پر منہدم گئی ۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب صوبہ قندوز کےضلع امام صاحب کے چگاش گاؤں پر امریکی فوجوں نے چھاپہ مار کر عوام پر تشدد کیا اور 3 افراد کو حراست میں لیا۔صوبہ کابل کے ضلع خاک جبار کے شیراللہ گاؤں پر امریکی فوجوں نے ہلہ بول دیا اور درندگی کرتے ہوئے 3 شہریوں کو حراست میں لیا۔ صوبہ ننگرہار کےضلع خوگیانی کے قیغلی گاوں پر امریکی کمانڈوز نے شب خون مار کر 4 افراد کو شہید اور 4 کو گرفتار کرلیا۔ صوبہ لوگر ضلع چرخ کے پنگ رام کے مقام پر امریکی طیاروں نے عام آبادی پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں تین مکانات اور دو باغات تباہ ہو گئے ۔اسی طرح صوبہ میدان ضلع جل ریز کے زیولات کے علاقے پر بھی اسی نوعیت کی بمباری کی جس سے چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ مامکی کے مقام پر افغان فوجوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔دوسری جانب افغانستان کے صوبہ لغمان،پک تیا و میدان میں پولیس چیف و افسر سمیت 14اہلکار طالبان حملوں میں مارے گئے ۔الخندق آپریشن کے سلسلے میں طالبان پکتیا ،لغمان اور میدان صوبوں میں اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنایا۔میدان چک کے مربوطہ علاقے میں طالبان کے حملے میں دو فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ ضلعی مرکز کے قریب طالبان نے ایک فوجی کو قتل کردیا۔صدر مقام میدان شہر کے سرنامی چوکی پر اسنائپرگن حملے میں ایک فوجی مارا گیا۔ ضلع جل ریز کے سنگلاخ کے علاقے میں ہونے والے دھماکے سے ڈسٹرکٹ پولیس چیف سمیت تین اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔صوبہ بغ لان سے اطلاع ملی ہے کہ ضلع مرکزی بغ لان کے چارشنبہ کے علاقے میں طالبان نے اعلیٰ پولیس افسر کمانڈر سلیم اندرابی کو موت کے گھاٹ اتار دیاجبکہ ان کے دو محافظ شدید زخمی ہوگئے۔صوبہ پک تیا کے صدر مقام گردیز شہر میں فوجی چھاوٴنی کے قریب سپیشل فورس لاجسٹک افسر گل احمد کی گاڑی کو طالبان نے دھماکے سے تباہ کردیا ۔ اس میں سوار گل احمد موقع پر ہلاک ہوگیا۔ اسی طرح افغان صوبے پروان میں سیکورٹی فورسز پر حملے میں پانچ اہلکار مارے گئے جبکہ طالبان نے اسلحہ قبضے میں لے لیا ۔ شنہ ڑورہ کے علاقے میں طالبان نے افغان فوجیوں پر اچانک شدید حملہ کیاجس کے نتیجے میں 5اہلکار ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے جبکہ لوگر اور پک تیا سمیت کنڑ میں حملوں اور دھماکوں میں پانچ اہلکار ہلاک وزخمی ہو گئے ۔صوبہ پک تیا ضلع پھٹان کے شپولی کے علاقے میں واقع فوجی مرکز کے مین گیٹ میں ہونے والے دھماکے سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔صوبہ لوگر کے صدر مقام پل عالم شہر کے بادخواب کے علاقے میں اسی نوعیت دھماکے سے ایک فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔دریں اثناء صوبہ کنڑ ضلع ناڑا کے شیرگل کچھ کے علاقے میں واقع حکومت نوازجنگجووٴں کی چوکی پر ہونے والے حملے میں ایک جنگجو ہلاک ہوگیا۔دوسری جانب افغان صوبے پکتیکا میں طالبان کے دعوت و ارشاد کمیشن کے کارکنوں کی دعوت پر ضلع وازیخوا میں کمانڈر سمیت 20اہلکار طالبان سے آملے۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ چند روز کے دوران مذکورہ ضلع کے مختلف علاقوں کے رہائشی کابل انتظامیہ کے 20سیکورٹی اہلکاروں نے کمانڈر سمیت مخالفت سے دستبرداری کا اعلان کیا جن میں کمانڈر عبدالرحیم ولد نورمحمد، پیرمحمد ولد نورمحمد، امیرمحمد ولد منو، محمداسماعیل ولد یازگل، عبدالرازق ولد زیڑی، بہادر ولد شیرخان، انور ولد امیرخان، اخترخان ولد حیت خان، عبدالولی ولد طور، نورمحمد ولد خان محمد، حبیب ولد علی خان، ماگل ولد گلاب، را اللہ ولد رحمت اللہ، ظاہرخان ولد عبدالرازق، اسحاق ولد محمدخان، بخت بران ولد امیرمحمد، حج اللہ ولد شیرمحمد، عزت اللہ ولد علی خان، جمشید ولد نور اور عبدالغنی ولد شیرمحمد شامل ہیں۔ دریں اثناافغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں فضائی حملے کے نتیجے میں داعش خراسان کے امیر ابو سعید ارہابی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کی خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات فضائی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے داعش خراسان کے امیر کی شناخت ابوسعید ارہابی کے نام سے ہوئی ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ سعید ارہابی، ابو سعید اورکزئی کے نام سے معروف تھا، جو فضائی حملے میں اپنے 9 ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فضائی حملہ ضلع خوگیانی کے ایک گاؤں پر کیا گیا تھا۔صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے سعد ارہابی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اورکزئی ایجنسی کا رہائشی اور اسے حسیب لوگری کی ہلاکت کے بعد خراسان کا امیر بنایا گیا تھا۔اسی دوران صوبائی گورنر کے میڈیا آفس کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا نے ضلع غنی خیل میں فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں داعش سے تعلق رکھنے والے 3 جنگجو ہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔

Comments (0)
Add Comment