کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نارتھ ناظم آباد میں کئی سال سے پانی بندش پر علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور وہ سڑکوں پر نکل آئے، فائیو اسٹار چورنگی پر مظاہرے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس بالخصوص بلاک ڈی میں کئی سال سے پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور اتوار کی سہ پہر خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھامے فائیو اسٹار چورنگی پر جمع ہو گئے اور پانی کی فراہمی کیلئے احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی پہلے کبھی کبھی ہو جاتی تھی لیکن اب 4 سال سے مکمل طور پر پانی بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے مکین مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو ئی تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔