رات گئے سپر ہائی وے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق-ملزمان فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رات گئے سپر ہائی وے پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود اشرف گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 18سالہ عبداللہ ولد معاذاللہ جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پو لیس نے لاش عباسی اسپتال منتقل کی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے،۔ بلدیہ کےعلاقے مدینہ کالونی جاوید ماربل کے قریب 2 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے 60 سالہ خان محمد اور 23 سالہ عمیر خان ولد خان محمد کو زخمی کردیا اور دوسری واردات کیلئے آگے بڑھ گئے، جہاں اہل علاقہ نے دونوں کو پکڑنے کے بعد تشدد کرکے لہولہان کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو تحویل میں لیکر سول اسپتال پہنچایا۔ شارع قائدین انڈر پاس کے قریب مسلح افراد نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے 18سالہ حماد ولد عبدالرحیم کو زخمی کردیا۔ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ڈیڑھ نمبر دہلی ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 17سالہ عبدالرحمن ولد ندیم زخمی ہو گیا۔ شیر پاؤ کالونی سیکٹرایف 2 میں اندھی گولی لگنے سے 26سالہ نادر ولد خلیل زخمی ہو گیا۔

Comments (0)
Add Comment