اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ آف کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ (آج)پیر کو شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز میں توسیع کے حوالے سے سماعت کریگا ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے ریفرنسز نمٹانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا ۔خط میں لکھا گیا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے توسیع دی جائے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ریفرنسز کی مدت میں توسیع کے حوالے سے سماعت کریگا۔خیال رہے کہ احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف تین ریفرنسز دائر ہیں جبکہ مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک، ایک ریفرنس زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے ریفرنسز مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت کو چھ ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی ۔ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج 4 مرتبہ ریفرنسز کی مدت میں توسیع حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے مارچ میں دو ماہ، مئی میں ایک ماہ کی ڈیڈ لائن میں توسیع دی گئی تھی۔ ریفرنسز کی سماعت کے لیے جون میں ایک ماہ اور جولائی میں 6 ہفتوں کی توسیع کی تھی۔سپریم کورٹ نے آخری بار 10 جولائی کو احتساب عدالت کی ڈیڈ لائن میں 6 ہفتوں کی توسیع کی تھی۔