نئی دلی(امت نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک لڑکی نے ہم جنسی تعلقات توڑنے پر اپنی ’’محبوبہ‘‘ کو تیزاب پھینک کر جھلسا دیا۔ ریاست ہریانہ میں کالج کی طالبہ نے زیادتی کا نشانہ بننے پر خود کشی کر لی ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں 19سال عمر کی ایک لڑکی نے اپنے کرایہ دار کی بیٹی و ہم جنس پرست محبوبہ پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کے سینے اور بازوؤں پر زخم آئے۔ آگرہ کے اسپتال میں زیر علاج لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ملزمہ کا کہنا ہے کہ وہ 2ماہ قبل اپنی محبوبہ کی جانب سے تعلقات توڑے جانے پر غصے میں تھی۔واقعے کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمہ نے 18سالہ لڑکے ایویناش پر تیزاب پھینکنے کا الزام لگا دیا تھا ۔ کچھ عرصہ قبل متاثرہ لڑکی کے والد نے تعلقات قائم کرنے سے انکار پر ایویناش کیخلاف اپنی بیٹی کو دھمکانے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ادھر بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع جند میں کالج کی ایک طالبہ نے زیادتی کرنے والے ملزمان کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خود کشی کر لی ۔خود کشی سے قبل کالج میں تھرڈ ایئر کی کالج کی طالبہ نے اپنے خط میں انکشاف کیا تھا کہ اس کی دوست پونم کے اکسانے پر روی اور بلرام نے اسے کئی ماہ قبل ایک ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی تصاویر بنائیں۔