اسلام آباد ( نمائندہ امت) وزیراعظم عمران خان نے 12 ارکان پر مشتمل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) تشکیل دے دی ہے۔وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر ای سی سی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ کمیٹی اراکین میں قانون، پٹرولیم، پاور اور مواصلات کے وزراء شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل فوڈ سیکیورٹی، نجکاری اور منصوبہ بندی کے وزراء بھی کمیٹی کا حصہ ہیں صنعت وپیداوار، ریلوے، تجارت ، شماریات، ٹیکسٹائل، آبی وسائل اور ادارہ جاتی اصلاحات وکفایت شعاری کے مشیر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ابھی تک نیشنل فوڈسیکیورٹی ، مواصلات، شماریات، نجکاری، آبی وسائل اور پاور کے وزراء کی تعیناتی باقی ہے، ان 6اراکین کو وفاقی وزراء تعینات کیے جانے کے بعد کمیٹی کا حصہ بنایا جائے گا۔وا ضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) ایک وفاقی ادارہ اور مشاورتی فورم ہے جو وزیراعظم کی سربراہی میں ریاست کے اقتصادی معاملات کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔