کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزم متحدہ رہنما رؤف صدیقی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے یکم ستمبر تک کیس کے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ادھرکسٹم کورٹ نے لاکھوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں گرفتار برطانوی نژاد ملزم مصطفی عارف کو ایک ہفتے کے جسمانی ریمانڈ پر کسٹم حکام کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔دریں اثنا احتساب عدالت نے ایس آر پی حیدرآباد میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت وکیل صفائی کی عدم حاضری کے باعث 8ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ سماعت پر سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایس ایس پی غلام نبی کیریو ودیگر ملزمان پیش ہوئے۔