سابق ڈی جی سپورٹس نے ملک چھوڑنے کی تیاریاں شروع کر دیں

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سےگھیرا تنگ ہونے پر سابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ(پی ایس بی)اختر نواز گنجیرہ نے بیرون ملک فرار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب نے سابق ڈی جی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی نیب میں تعینات ایک اہم افسر نے اطلاع سابقہ ڈی جی پی ایس بی کو فراہم کردی ہےجس کے بعد ذرائع کے مطابق اخترنواز گنجیرہ نے آسٹریلیا جانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ نیب کی جانب سے2008سے 2018تک سابقہ ڈی جی اسپورٹس بورڈ کے دس سالہ دور کے دوران مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں ، بیرون ممالک بھجوائی گئی قومی ٹیموں اور کھیلوں سے وابستہ افراد ، وفود ،پی ایس بی میں مختلف سہولیات کی فراہمی کےلیے جاری کردہ ممبر شپ فارم،مختلف فیڈریشنز کی جانب سے بیرون ممالک ٹیمیں بھجوانے کےلیے جمع کروائے گئے شورٹی بونڈز، ترقیاتی منصوبوں پر آنے والی لاگت ،پی ایس بی سے الحاق شدہ اسپورٹس فیڈریشنز ، دس سال کے دوران اسپورٹس فیڈریشنز کو فراہم کردہ فنڈز، نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے ،اسلام آباد میں لیاقت جمنازیم، کراچی ،لاہور پشاور ، کوٗئٹہ میں قائم پی ایس بی ہوسٹلز پر خرچ کئے گئے فنڈز ،دس سال کے دوران بیرون ممالک بھجوائی گئی کھیلوں کی ٹیموں ، کھیلوں سے تعلق افراد اور ایجنٹس ، پی ایس بی میں بھرتی کیے گئے افراد ، اسٹیڈیمز کی مرمت وغیرہ پر خرچ کردہ فنڈز،پی ایس بی کی جانب سے ہوائی جہاز کے ٹکٹس کی خریداری کی مد میں کیے گئے اخراجات ،کامن ویلتھ سینئر ریسلنگ چیمپیئن شپ کے لیے فراہم کردہ خصوصی گرانٹ،سال 2008سے 2018کے دوران میسرز یونیورسل انٹر پرائززکو دئیے گئے ٹھیکوں ،سال 2008سے2018کے دوران پی ایس بی کی جانب سے خریدی گئی ایل ای ڈ ی لائٹس کی تفصیلات ،سال 2008 سے 2018کے دوران ادارے کے حکام کی جانب سے فروخت کیا گیا اسکریپ کے متعلق تحقیقات جاری ہیں جس میں اہم شواہد نیب کو ملے ہیں ۔ سابق ڈی جی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ذرائع نے ’’امت ‘‘ کوبتایاہے کہ نیب کی جانب سے طلبی کی اطلاع ملنے پر سابقہ ڈی جی نے بیرون ملک روانگی کافیصلہ کرلیا ہے تاکہ تحقیقات سے بچا جاسکے ۔

Comments (0)
Add Comment