کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے اعترافی بیان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے زور دیا کہ حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لئے موثر عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ زندہ و ترقی یافتہ قومیں ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں۔ عیدالاضحی پر صفائی کے فقدان کے باوجود صوبائی وزیر بلدیات متحرک نظر آئے ۔ قومی مفاد اور شہرکی تعمیر و ترقی سے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا ، سیاسی اختلافات و انتقام کی بنیادپر سیوریج لائنوں کو بند کرنیوالے شہر کے دشمن ہیں ۔ اس عمل سے محکمے کی کچھ کالی بھیڑوں کے ملوث ہونے کی خبریں بھی تشویش ناک ہیں انہوں نے کہاکہ کراچی تا کشمور محکمہ بلدیہ میں گھوسٹ ملازمین کو فارغ کیا جائے ۔