چین کے وزیراعظم کا پاکستان کا دورہ موخر ہوگیا

لاہور (نجم الحسن عارف) چین کے وزیراعظم کا پاکستان کا دورہ موخر ہوگیا۔ الیکشن سے کئی ماہ قبل پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر طے ہوا تھا کہ وزیراعظم چین ماہ ستمبر میں پاکستان آئیں گے اور شاہراہ قراقرم سے جڑے سی پیک منصوبوں کے علاوہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور گوادر میں بعض منصوبوں کی باضابطہ افتتاحی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ تاہم ”امت“ کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اب نئی صورتحال میں وزیراعظم چین نے فی الحال اپنا دورہ پاکستان موخر کردیا ہے۔ چینی وزیراعظم کے دورے کے لئے نئی تاریخوں کا فیصلہ دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام آنے والے دنوں میں منظر نامہ واضح ہونے کے بعد کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پشاور سے کراچی تک ریل کے دوہرے ٹریک کے لئے فنڈز کی دستیابی کا چینی منصوبہ بھی فی الحال التوا میں چلا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چینی حکومت اس بارے میں کئی ماہ پہلے ہی اشارہ دے چکی ہے کہ ریل ٹریک کو دوطرفہ کرنے کے لئے فنڈز کی فراہمی سی پیک سے متعلق بعض پہلے سے شروع کئے گئے منصوبوں پر عمل کے جائزے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چینی حکومت پاکستان میں ایسے نتائج کی توقع نہیں کر رہی تھی۔

Comments (0)
Add Comment