کراچی (اسٹاف رپورٹر) نقیب اللہ جعلی مقابلے اور قتل کیس میں اپیل کے آخری روز جرگہ عمائدین نامعلوم وجوہات کی بنا پر سامنے نہیں آئے اور نہ ہی کوئی بیان دیا گیا،واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق ایس ایس پی ملیر ملزم راو انوار کی ضمانت پر رہائی اور ملک سے باہر جانے کے خلاف جرگہ عمائدین نے ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کیا تھا جس میں مظاہرین کی راو انوار کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل 17 اگست کوگرینڈ جرگہ کے محمود محسود کی جانب سے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ راؤ انوار پورے کراچی کا مجرم ہے اورراؤ انوار کے متاثرین میں کوئی ایک قوم شامل نہیں سب ہی متاثر ہیں اوراگر احتجاج ہوگا تو پورے کراچی میں ہوگا انہوں نے گزشتہ روز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عدالت نے 20 تاریخ کو فیصلہ نہیں دیا تو 27 کو ہم نے گرینڈ جرگہ بلایا ہوا ہے اوراگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ملک بھر میں احتجاج پر مجبور ہوں گے جبکہ اس احتجاج کے بعد ذمہ داری وفاق اور تمام ملکی ستون کی ہوگی۔