اسلام آباد۔کراچی/پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) 3حج پروازوں کے ذریعے 700حجاج وطن واپس پہنچ گئے،چوتھی پروازآج لاہوراترے گی۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔گزشتہ روز 700سے زائد حجاج کو لےکر 3پروازیں اسلام آباد کراچی اور پشاور پہنچ گئیں، جہاں حکومتی و سول ایوی ایشن کے حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ائیر بلیو کی پہلی خصوصی حج پرواز نمبر171 سعودی عرب سے177 حاجیوں کو لے کر واپس وطن پہنچی، کراچی ائیر پورٹ پر ائیر بلیو، سول ایوی ایشن اور کسٹم حکام نے حاجیوں کو خوش آمدید کہا، استقبال کیلئے عزیز واقارب کی بھی بڑِی تعداد ائیرپورٹ پر موجود تھی۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام حجاج کرام کو آب زم زم کا تحفہ دیا گیا۔دوسری حج پرواز پی کے 3002 اسلام آباداتری جس کے ذریعے 271عازمین واپس آئے۔ تیسری پروازمیں سعودی ایئر لائن کے ذریعے 252 حجاج کرام پشاور ایئر پورٹ پہنچے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور ڈاکٹر نورالحق قادری نے اُن کا استقبال کیا اور اُنہیں پھولوں کے ہار پہنا کرحج کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری مذہی اُمور اور ڈپٹی ایئر پورٹ منیجر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔چوتھی حج پرواز327حجاج کو لے کر آج لاہور اترے گی۔حاجیوں کی واپسی کاسلسلہ 25ستمبرکومکمل ہوگا۔