کراچی(اسٹاف رپورٹر )تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی صدارتی سیکورٹی کے نام پر بندہونے سے خائف ہیں ۔پیر کو عارف علوی نے سندھ ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔انہوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی ۔ پیر پگارا نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔پیر پگارا سے ملاقات اور مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عارف علوی نے کہا کہ وہ سب کے صدر ہوں گے ، مگر چاہیں گے کہ سندھ کو پیکجز ملیں۔وزیرا عظم عمران خان کا مشکور ہوں کہ مجھے صدر کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ۔ ملک میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ میں نے کوئی پروٹوکول نہیں لیا ،بلکہ خاص طور پر درخواست کی کہ مجھے کوئی پروٹوکول نہ دیا جائے۔ صدر بننے پر خواہش ہوگی کہ سیکورٹی کے بہانے مجھے بند نہ کیا جائے۔ تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر کراچی کا مشکور ہوں۔4ستمبر کو صدر کے الیکشن کے موقع پر جو تقدیر میں ہوگا منظور ہوگا۔ اس موقع پرڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ خدا پاکستان کو وہ پاکستان بنادے جو قائد اعظم اور اقبال کا خواب تھا۔ ہم گیٹ سے مزار تک پیدل چلے ہیں، پروٹوکول نہیں لیا۔ کوشش کریں گے پروٹوکول اور اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہو۔ پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی۔ پیرپگارا نے کہا کہ عارف علوی سیلف میڈ انسان ہیں، جن کی ہم حمایت کرتے ہیں ،تاکہ یہ پاکستان کی ترقی کے لئے کام کریں۔سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ عارف علوی صدر کے منصب کیلئے بہت بہتر انسان ہیں ۔میں ان کو پیشگی مبارک باد دیتا ہوں۔جیل میں 20 کمرے تیار ہوئے ہیں ،جو سولرسسٹم پر چلیں گے۔ عارف علوی کے کاغذات جمع کرانے کے بعدخرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن میں تحریک انصاف کو سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے کوئی خوف نہیں ۔ملکی تاریخ میں عارف علوی دیگر صدور کے مقابلے میں بہتر ثابت ہوں گے۔صدارتی الیکشن میں جہانگیر ترین اہم کرداد ادا کریں گے۔ہمارے اندازے کے مطابق عارف علوی اپنی شخصیت کی وجہ سے20 سے 25 ووٹ زیادہ لیں گے۔