ملی یکجہتی کونسل نے 31 اگست کو مظاہروں کا اعلان کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ملی یکجہتی کونسل سندھ نے اعلان کیا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور مقابلے کے خلاف 31اگست(جمعہ) کو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ہالینڈ کے سفارتخانے میں احتجاجی مراسلہ اور یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔اس بات کا اعلان صوبائی صدر اسد اللہ بھٹونے ادارہ نور حق میں کونسل کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا ہے۔قبل ازیں اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان عالم اسلام کو مجبور کرے کہ وہ اس مذموم عمل کو روکنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کر نے کے لیے او آئی سی کا اجلاس بلائے ۔ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرکے ہالینڈ سے اپنے سفیر کو واپس بلایا جائے ۔ہالینڈ سے تجارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔مسلم ممالک اقوام متحدہ کو عالمی امن کو لاحق خطرات کی بنیاد پر ہنگامی طور پر نوٹس لینے پر مجبور کریں۔

Comments (0)
Add Comment