اقوام متحدہ – برمی فوج روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی مرتکب قرار

نیویارک ( امت نیوز) اقوام متحدہ نے میانمار کی فوج کو مسلمانوں کی نسل کشی کا مرتکب قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ میانمار فوج کے کمانڈر انچیف سمیت 5 اعلیٰ عہدیداروں کا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی ٹرائل ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ کے تفتیشی کمیشن نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی 20صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی اور سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے جو عالمی قوانین کے تحت قابل تفتیش ہیں۔اقوام متحدہ کے کمیشن نے سلامتی کونسل سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم ڈھانے والے میانمار فوج کی کمانڈر انچیف سمیت پانچ جنرلوں پر عالمی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کی سفارش کی ہے۔اقوام متحدہ کی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی سول حکومت بھی ان مظالم کو روکنے میں مکمل طور ناکام رہی ہے اور آنگ سان سوچی نے فوج کو مظالم سے روکنے کے لیے اپنا کردار نہیں نبھایا بلکہ مشتعل بدھ مت پیروکاروں کو نفرت آمیز رویے اور اشتعال انگیز تقاریر کے مواقع فراہم کیے گئے۔

Comments (0)
Add Comment