محکمہ تعلیم کا ایک اور اسکول خالی-حکام تماشائی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محکمہ اسکول ایجوکیشن کی نااہلی سے طلبہ ایک اور اسکول سے محروم ہوگئے۔ ایک کے بعد ایک ظاہر ہونیوالے مالکانہ حقوق کی جنگ میں طلبہ کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے۔ فیڈرل بی ایریا بلاک 13میں قائم فیڈرل پبلک اسکول کو پولیس کی نگرانی میں خالی کرالیاگیا۔ ڈائریکٹر اسکولز اورایجوکیشن آفیسر وسطی کی پھرتیاں بھی کام نہ آئیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی نااہلی اورافسران کی ملی بھگت سے فیڈرل پبلک اسکول فیڈرل بی ایریا بلاک 13پولیس کے زیر نگرانی خالی کرالیا گیا۔ مذکورہ اسکول اراضی کی ملکیت کے حوالے سے عدالت میں مقدمہ زیر سماعت تھا جو محکمہ تعلیم اپنی نااہلی سے ہار چکا تھا، جبکہ فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کی گئی تھی۔ مگر اسکول کی اراضی کی ملکیت کے دعوے داروں نے اپیل کا فیصلہ آنے کا انتظار بھی نہیں کیا اور پولیس کے ہمراہ اسکول خالی کرانے کیلئےپہنچ گئے اور اسکول کا سامان کا با ہر پھینک دیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر اسکولز حامد کریم ، تعلیمی افسروسطی چمن لال سمیت دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کوآگاہ کیا کہ محکمہ تعلیم نے ملکیت فیصلے کے حوالے سے اپیل دائر کر رکھی ہے، جس کا فیصلہ آنےتک عمارت خالی نہیں کرائی جاسکتی مگر پولیس بات سننے کیلئےتیار نہ ہوئی اور تمام سامان باہر پھینک دیا ۔ وزیر تعلیم کے ترجمان کاکہنا تھا کہ واقعےکے بعدہم نے ڈپٹی کمشنر کو فوراپہنچنے کا کہا تھا اور اسکول دوبارہ قبضے میں لے لیا ہے، جبکہ کیس کے حوالے سے ہم کورٹ میں اپیل بھی داخل کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment