پولیس آپریشن سے ابراہیم حیدری میدان جنگ بن گیا-3زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابراہیم حیدری میں منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن سے علاقہ میدان جنگ بن گیا،فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی مزید نفری نے پہنچ کر امن و امان بحال کرایا۔ تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی سو کوارٹر مچھلی مارکیٹ علی اکبر شاہ گوٹھ کے قریب منشیات فروشوں کیخلاف زمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس اور بھگڈر مچ گئی۔ منشیات فروشوں کے کارندوں نے علاقے میں ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس دوران زمان ٹاؤن تھانے کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ علاقے میں کشیدگی پر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔ علاقے میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 18سالہ عبدالحمید اور 17سالہ نذیر احمد زخمی ہوگئے، جس کے بعد مشتعل افراد نے ایک موٹر سائیکل کو بھی نذر آتش کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی پرایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق ساری کارروائی ضلع ملیر میں ہوئی ہے، تاہم جب ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ زمان ٹاؤن پولیس اپنے علاقے میں کاررروائی کرتے ہوئے وہاں تک آگئے تھے، تاہم جب ملیر میں کشیدگی ہوئی تو ہم نے اپنے ضلع کی پولیس طلب کرکے صورتحال پر قابو پایا۔ ایس ایچ او انظار عالم کے مطابق زخمی اہلکار عدنان ایس پی کا محافظ ہے، جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment