جرائم کی سرپرستی میں ملوث 471 پولیس افسران-اہلکاروں کے تبادلے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی ویسٹ نے نے جرائم کی سرپرستی میں ملوث 7 تھانوں کے 471 افسران و اہلکاروں کا جرائم پیشہ عناصر سے رابطہ توڑنے کیلئے شفلنگ کردی، جبکہ ایس ایچ او منگھوپیر کو عہدے میں تنزلی کے بعد معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان نے ایک بار پھر سیکڑوں افسران و اہلکاروں کا تبادلہ کردیا۔ 7 تھانوں کے انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس آئیز سمیت 471 اہلکاروں کی شفلنگ کی گئی ہے، جن میں سائٹ اے، سائٹ بی، اورنگی، اتحاد ٹاون،سرجانی، منگھوپیر اور اقبال مارکیٹ تھانے کے افسر و اہلکار شامل ہیں، جبکہ ایس ایچ او منگھوپیر شاہد تاج کو عہدے میں تنزلی کے بعد معطل کردیا گیا۔ ایس ایس پی غربی کے مطابق ویسٹ زون میں منظم جرائم پولیس سرپرستی میں کئے جاتے ہیں، ٹرانسفر ہونے والے تمام اہلکار کسی نہ کسی طریقے سے جرائم میں ملوث تھے، ویسٹ زون میں لینڈ گریبنگ، منشیات فروشی سمیت دیگر سوشل جرائم ہیں، جبکہ سرجانی اور منگھوپیر تھانے میں سب سے زیادہ لینڈ گریبنگ کی جاتی ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس میں کالی بھیڑوں کو معاف نہیں کرسکتے، اتنی بڑی تعداد میں افسران و اہلکاروں کو برطرف نہیں کیا جاسکتا، اس لئے شفل کیا، تبادلے ہونے سے ان کا نیٹ ورک ٹوٹ جائے گا، جبکہ تمام افسران و اہلکاروں کو ویجیلنس ٹیم کے ذریعے ہر وقت مانیٹر کیا جارہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment