ای او بی آئی-محنت کشوں کے30لاکھ اجلاسوں پر پھونک دیئے

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی) ای او بی آئی میں محنت کشوں کے فنڈ کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے اجلاسوں پر 30لاکھ سے زائد پھونک دیئے۔وزیر اعظم کفایت شعاری کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جبکہ محنت کشوں کے ادارے میں افسران کو 80ہزار روپے میٹنگ الاؤنس دیا جاتا ہے۔ ادارے کا سربراہ اور انوسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کراچی میں ہے ،جبکہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا ۔‘‘امت ’’کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل نے انٹرنیشل لیبر آرگنائزیشن کو خبر دار کیا ہے کہ پاکستان میں محنت کشوں کے ادارے ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی )کی جانب سے ملک بھر کے 20فیصد ملازمین کوبھی ادارے میں رجسٹر نہیں کیا گیا ہے ،جس کا براہ راست فائدہ کمپنی مالکان اور نقصان بوڑھوں اوربیواؤں کو ہوتا ہے ،تاہم دوسری جانب ادارے کے افسران کروڑوں پتی ہونے کے باوجود بھی بوڑھے پنشنرز اور کنٹری بیوٹرز کے بجائے اجلاسوں پہ اجلاس منعقد کرنے میں مصروف ہیں۔ ای او بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹر جنرل انوسٹمنٹ محمد اجمل خان کی جانب سے جاری ہونے والے مکتوب نمبر HO/INV/ICM-259/2018/297کے مطابق ای او بی آئی انوسٹمنٹ کمیٹی کی 259ویں میٹنگ 29اگست کو اسلام آباد ای او بی آئی کی ذیلی کمپنی پرائما کو میں منعقد کی جارہی ہے ،جہاں انوسٹمنٹ کمیٹی کا کوئی بھی ممبر اسلام آباد میں نہیں بیٹھتا ،جبکہ اس کمیٹی میں 5سینئر ممبران کراچی سے شریک ہونگے ،حیرت انگیز طور پر ای او بی آئی ہیڈ آفس شارع فیصل اور انوسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ عوامی مرکز کراچی میں واقع ہیں ،جبکہ انوسٹمنٹ کی میٹنگ اسلام آباد میں بلائی جارہی ہے جس میں ای او بی آئی سے چیئرمین،ڈائریکٹرجنرل فنانس،ڈی جی انوسٹمنٹ اور ڈپٹی ڈی جی انوسٹمنٹ سمیت ایمپلائی نمائندہ کراچی سے،2ممبران لاہور اور ایک کے پی کے سےشریک ہو گا ۔توجہ طلب بات یہ ہے کہ ان افسران کو سرکاری خرچ پر ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا اور روڈ کے ذریعے آنے والوں کو سفری اخراجات سمیت افسران کو میٹنگ الاؤنس کی مد میں 80ہزار روپے علیحدہ سے دیئے جائیں گے۔ معلوم رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں 50ہزار کے اخراجات آئے تھے جبکہ انہوں نے ملک بھر میں افسران کو سادگی سے رہنے کی ہدایات کی تھیں جبکہ محنت کشوں کے ادارے میں غریبوں کی امانت کنٹری بیوشن سے افسران کے ٹی اے ڈی کی مد میں لاکھوں روپے بے دریغ استعمال کئے جارہے ہیں۔اس سے قبل 18اگست کو اسلام آباد میں ای او بی آئی کی پورے ملک سے علاقائی دفاتر کے سربراہان کی کانفرنس بلائی گئی تھی۔ جس پر محنت کشوں کے فنڈ سے تقریبا ً25لاکھ روپے سے زائد اخراجات کئے گئےہیں۔ اس حوالے سے ‘‘امت ’’کی جانب سے چیئرمین ای ا و بی آئی کے چیئرمین خاقان مرتضٰی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ماہ یا ڈیڑھ ماہ بعد انوسٹمنٹ کمیٹی کی میٹنگ کرتے ہیں ۔ اسٹاک ایکسچینج کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اجلاس کیا جاتا ہے ، کیوں کہ اسٹاک ایکسچینج میں 25ارب روپے کی انوسٹمنٹ ہے اور حالیہ جو سہ ماہی گزری ہے۔ اس میں اسٹاک ایکسچینج بیٹھی ہوئی تھی اس کے باوجود ہم نے ڈیڑھ ارب روپے کمایا ہے۔ اس لئے ہم کمیٹی کا اجلاس منعقد کرتے ہیں کہ اب آئندہ کیا رجحانات ہیں اور کس طرح ہم نے انوسٹمنٹ ، کس میں ری انوسمنٹ کرنی ہے۔ اب اسٹاک ایکسچینج بڑھی ہے تو ہم نے اجلاس بلایا ہے اور یہیں سے کماتے ہیں اس لئے دیگر ممبران کی مجبوری کی وجہ سے اسلام آباد میں اس بار اجلاس رکھا ہے۔

Comments (0)
Add Comment