کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے وزیراعظم عمران خان کی حکومت درست سمت پر گامزن ہے۔نئی حکومت کے قیام کے ایک ہفتے کے دوران 3بار وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرنا اور اس میں عوام و معیشت کی بہتری کے اقدامات اٹھانا 70سالہ تاریخ میں ایک منفرد کارنامہ ہے ۔کئی دہائیوں سے پیدا ہونے والے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے پی ٹی آئی حکومت کو اپنی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔وفاقی حکومت کے 11نکاتی ایجنڈے سے ملک کی معیشت مستحکم ہوجائے گی۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 5برسوں میں 50لاکھ گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑ ملازمتیں فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، لیکن وزیراعظم کی شخصیت اور ان کی مستقل مزاجی کے سامنے یہ بڑا چیلنج انتہائی معمولی لگتا ہے۔عارف جیوا نے کہا کہ وفاقی حکومت 50لاکھ گھروں کی تعمیر کا نصف ہدف بھی پورا کرلے، تو اس سے معاشی انقلاب آجائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کے مطابق تعمیراتی منصوبوں کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس وصولی کی شرح میں اضافے کے لیے فکس ٹیکس ریجیم کا نظام بھی نافذ کرے گی۔