سوشل میڈیا پر ’’ہیلی کاپٹر رکشہ‘‘ کی ویڈیو- تصاویر کی بھرمار

کراچی (امت نیوز) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے بیان کیا دیا کہ سوشل میڈیا صارفین ان کی درگت بنانے میں مصروف ہوگئے۔ بیشتر کا کہنا تھا کہ وہ اب ہیلی کاپٹر پر ہی سفر کیا کریں گے، اتنی سستی سواری اور ٹریفک جام سے بھی نجات ملے گی۔ متعدد صارفین نے اس حوالے سے ’’ہیلی کاپٹر رکشہ‘‘ ویڈیو بھی شئیر کی، جس میں ایک شخص ہیلی کاپٹر پر کھڑے ہو کر کنڈیکٹر بن کر سواریوں کی تلاش میں مصروف ہے اور وہ دروازہ کھٹکھٹا کر مختلف علاقوں کے نام لیتے ہوئے کہتا ہے کہ آجائے باجی، بزرگوں کو راستہ دیا جائے اور ڈرائیور کو کہتا ہے کہ ذرا صبر کریں، ایک شہری نے مرغیوں والے چوک کا کرایہ پوچھا تو کنڈیکٹر نے وزیر اطلاعات کے بتائے ہوئے 55 روپے سے بھی کم 15روپے بتائے، جس پر مسافر ہیلی کاپٹر میں سوار ہو جاتا ہے، ایک اور شہری نے اس سے پوچھا بڈابیر تک جائیں گے تو کنڈیکٹر نے کہا نہیں ہم کاکال جائیں گے، ڈرائیور کے جلدی کرنے پر کنڈیکٹر پھر کہتا ہے کہ استاد ذرا صبر کریں سواری آرہی ہے، تبدیلی آنہیں رہی تبدیلی آگئی ہے۔ مذکورہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف صحافی احمد نورانی نے کہا کہ ن لیگ والے خود کچھ کر نہیں سکے اور دوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے پی کے میں 15روپے فی پھیرا فی سواری کی ہیلی کاپٹر سروس کامیابی سے چلا چکی ہے، ایک اور صارف سید سلیم نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک ہفتے میں 3 غلطیوں کو اگلے ایک سال میں ضرب دے کر اپنی بے عزتی کی کلکولیشن خود کرلیں کیونکہ ان حالات میں کپتان کو دوسرا سال ملنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا یوتھییوں کو گوگل پہ کپتان کی عید نماز پڑھنے کی کوئی تصویر۔ ایک صارف پٹھان خان نے اس دفعہ گھر ہیلی کاپٹر پر جانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ہری پور سے اسلام آباد 65km کیری ڈبہ 3ہزار کار 5ہزار کرایہ فواد چوہدری کی بدولت ہیلی کاپٹر 55روپے 1کلومیٹر 3575 روپے، سوچ رہا ہوں اب کی بار گھر ہیلی کاپٹر سے جاونگا اسے کہتے ہیں تبدیلی۔ نائلہ عنایت نامی خاتون صارف نے ہیلی کاپٹر رکشہ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالہ ہیلی کاپٹر رکشہ کے ذریعے جاتے ہوئے۔ حسیب نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا سفر سستا ہوگیا ہے، اب تو مجھے بھی ایک ہیلی کاپٹر خریدنا چاہیے۔فیس بک پر بلال کریم مغل نامی اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں دنیا کی سستی ترین سفری سواریاں موٹر سائیکل، رکشہ، سائیکل رکشہ اور ہیلی کاپٹر بتائی گئی ہیں۔ اسی طرح ازی بزی نامی خاتون صارف نے ٹوئٹر پر خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب خواتین چند پیسوں پر رکشہ والے سے بحث کرنے کے بجائے ہیلی کاپٹر والے کو تلاش کریں کیوں کہ وہ سستی سواری ہے اور نا صرف وقت کی بچت ہے بلکہ ٹریفک جام کا نہ ہونا بونس میں ہے۔ ایک اور خاتون صارف سعدیہ کا کہنا تھا کہ مجھے اب سمجھ میں آیا کہ ہیلی کاپٹر سے کتنا ایندھن بچتا ہے۔ لہذا میں اپنے شوہر سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے سالگرہ پر یہ تحفے میں دیں کیونکہ اس سے ٹریفک جام کے مسائل بھی نہیں ہوں گے اور اس کو خریدنے میں حصہ ملا سکتی ہوں۔رض ظاہر نامی خاتون نے تو اس معاملے پر لطیفہ بناکر پوسٹ کیا۔ ظفر خان نامی صارف نے طنزیہ انداز میں تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 70 سی سی قدرتی سی این جی ہیلی کاپٹر ہے جس کی لاگت 50 روپے پر کلومیٹر ہے۔ایم کامی نامی نوجوان نے اڑن چھتری کی طرح کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ہر شہری کا اپنا ہیلی کاپٹر ہوگا۔ ملک مجید نامی نوجوان نے لکھا کہ وہ اپنی موٹر سائیکل فروخت کررہے ہیں کیوں کہ ہیلی کاپٹر اس سے زیادہ سستی سواری ہے جو کہ 55 روپے پر کلومیٹر ہے۔اس کے علاوہ بھی سوشل میڈیا پر نا تھمنے والے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کئی لوگوں نے جو تبدیلی کے خواہاں تھے، مایوس ہوئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment