اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے سابق صدر و پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کیلئے نواز شریف طرز پر جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کر دی ہے۔ ایف آئی اے نے حساس اداروں کے افسران بھی جے آئی ٹی میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ منگل کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں3رکنی بنچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر زرداری کے وکیل اعتزاز احسن نے التوا کی درخواست دائر کی ،جسے چیف جسٹس نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ آج کافی وکلا عدالت میں ہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آج جے آئی ٹی کی تشکیل کا کیس مقرر ہے۔ آصف زرداری اور فریال تالپور حفاظتی ضمانت پر ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس عدالت نے دونوں کو حفاظتی ضمانت دی۔دوران سماعت اومنی گروپ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق تحریری پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد آنے کے بجائے لاہور پہنچ گیا ہے ۔