تحریک لبیک کی پکار پر عاشقان رسولؐ کا لبیک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک کی پکارپرعاشقانِ رسولؐ نے لبیک کہہ دیا۔ملک بھرسے قافلے لاہورروانہ ہوگئے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے ناپاک منصوبے کے خلاف آج اسلام آباد مارچ اور ہالینڈکے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔احتجاجی مارچ میں دیگر دینی جماعتوں کے ہزاروں کارکنان بھی شریک ہونگے۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر نے بھی حمایت کا اعلان کردیا ، دینی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سےسوشل میڈیا پر ہالینڈ کے خلاف سخت موقف اپنانے اور تحریک لبیک کا ساتھ دینے کی تیاری کی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ہالینڈ میں ملعون رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کےمسلمانوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے ، اس حوالے سے ملک بھر میں احتجاج جاری ہے ،جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے بھرپور احتجاجی مارچ کی تیاری کرلی گئی ہے،جس کے لئے ملک بھر سے قافلے لاہور روانہ ہو گئے ہیں اور آج اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا ،جب کہ خیبر پختون سمیت دیگر علاقوں سے قافلے اسلام آباد میں مارچ میں شامل ہو جائیں گے۔اس حوالےسے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گرد و نواح سے دینی جماعتوں کے کارکنان بھی تحریک لبیک کے احتجاج میں شامل ہونگے،اہلحدیث مسلک کے رہنما ابتسام الہیٰ ظہیر کی جانب سے علامہ خادم حسین رضوی کے اس احتجاجی مارچ کو سراہتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا گیاہے، جبکہ سوشل میڈیا پر دینی تنظیموں سے وابستہ کارکنان کی جانب سے بھی شرکت کا اعلان کیا گیا ہے ،جس میں اہلسنت والجماعت ،جے یو آئی کے دونوں گروپوں ،بریلوی مسلک کی دیگر جماعتوں کے بھی ہزاروں کارکنان شامل ہونگے۔ اس حوالے سے تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام مسلمانوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے کیوں کہ یہ مسئلہ تحریک لبیک کا نہیں ،ہر مسلمان کے ایمان کا مسئلہ ہے ۔انہوں نے بتایاکراچی سے ہزاروں کارکنان روانہ ہو چکے ہیں ،جو آج لاہور پہنچ جائیں گے۔ ان میں سیکڑوں افراد ٹرینوں کے ذریعے مختلف قافلوں کی صورت میں روانہ ہوئے ہیں ،جبکہ جن کارکنان کو ایک ساتھ ٹکٹ میسر نہیں ہوئے ،وہ کسی بھی ٹرین میں صرف ٹکٹ لیکر روانہ ہوئے ہیں ،جبکہ بعض افراد بسوں اور کاروں میں گئے، اسکے علاوہ ایک بڑی تعداد آج جہاز کے ذریعے لاہور اور بعض براہ راست اسلام آباد جائیں گے۔ اورنگی ٹاؤن سے مفتی قاسم اعوان اور مفتی محمود اعوان کی سربراہی میں ایک بس اور 2ویگنوں پر مشتمل قافلہ لاہور روانہ ہوا۔ لیاری سے قافلہ یونس سومرو،بلدیہ ٹاؤن سے مفتی قاسم فخری،شادمان ،بفزون ، ناتھ ناظم آبا د اور نیو کراچی سے قاضی عباس کی قیادت میں روانہ ہوا،مفتی امجد کی قیادت میں گودھرا ،نیو کراچی ،مفتی عمر فاروق کی قیادت میں فیڈرل بی ایریا ،شفیق موڑ انڈسٹریل ایریا ،وقاص ہاشمی کی قیادت میں ابو الحسن اصفہانی روڈ ،یشااللہ جیالان شاہ محمد علی سوسائٹی سے قافلے لے لیکر بسوں ،ویگنوں اور ذاتی کاروں پر نکلے ہیں۔ حیدر آباد ،سکھر ،روہڑی ،میر پور خاص سمیت دیگر شہروں سے بھی تحریک لبیک کے قافلے روانہ ہوئے ہیں ،جن میں سے بعض قافلے گزشتہ روز رات کو ہی لاہور کے قریب پہنچ گئے تھے ،جبکہ متعد د گاڑیوں پر مشتمل اندرون سندھ کے قافلے آج لاہو ر پہنچیں گے۔
٭٭٭٭٭
راولپنڈی/ پشاور(نمائندگان امت/ ایجنسیاں)گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مارچ ملتوی کرانے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سےتحریک لبیک پاکستان کی قیادت سے رابطہ کرلیا گیا۔ اس حوالے سےوفاقی وزارت داخلہ میں بھی آج اجلاس ہوگا۔تحریک لبیک پاکستان کے سرپرست اعلی پیر افضل قادری نے کہا ہے کہ حرمت رسولؐ کیلئے جان بھی حاضر ہے۔ حکومت گستاخانہ خاکوں کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک لبیک پاکستان اور پنجاب حکومت کے نمائندوں کے مابین مذاکرات ہوئے ،جس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اوردیگرنے حکومت کی نمائندگی کی۔ حکومتی وفد کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ دیگر اسلامی ممالک سے ملکر عالمی سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان سے احتجاج موخر کرنے کی استدعا کی گئی ۔ مذاکرات کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کا اجلاس امیر تحریک علامہ خادم حسین رضوی کی زیر صدارت ہوا،جس میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر مشاورت کی گئی ،جبکہ آج صبح فریقین کے مابین مذاکرات کا اہم دور متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر مرکزی حکومت سے بھی رابطہ کیا گیا ،جس پر وفاقی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کو یقین دہانی کروائی جائے کہ حکومت گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو تمام مسلمان ممالک کے ہمراہ اقوام متحدہ میں اٹھائے گی ،تاکہ ہالینڈ کو اس مذموم حرکت سے باز رکھا جائے ۔دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج کےلیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کے حرمت رسول ؐمارچ کے شرکا کی آج دوپہر کے بعد لاہور سے روانگی متوقع ہے۔ روانگی کے بعد مارچ کے شرکا رات گجرات میں قیام کرینگے ،جہاں تحریک لبیک پاکستان کے سرپرست اعلی پیر افضل قادری میزبان ہونگے ،جن کی جانب سے قیام وطعام کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ متوقع احتجاجی مارچ کےلیے راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی انتظامات جاری ہیں ۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تحریک لبیک کے اہم ذمہ داران نے مختلف مقامات کا جائزہ لینے کے بعد مشاورت بھی کی ہےاور قائدین کو اسکے متعلق آج بریفنگ دی جائیگی۔ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کی جانب سے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی صورت میں ممکنہ احتجاج کےلیے جگہوں کا سروے کرلیا گیا ہے،تاہم اسکا حتمی فیصلہ مرکزی قائدین کرینگے ۔تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری کا ’’امت‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حرمت رسولؐ کیلئے جان بھی حاضر ہے ۔ہولو کاسٹ پر پورے مغرب میں بات کرنا جرم ہے اور اس کے لیے سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں ،جبکہ ہالینڈ میں آزادی اظہار کے نام پر گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقدکروایا جارہا ہے ،جو ناقابل برداشت ہے۔مغرب کا یہ منافقانہ رویہ مسلمانوں کو قبول نہیں ۔انہوں نے کہاحکومت پاکستان گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے ،ہالینڈ کی ہٹ دھرمی پر اسکے سفیرکو ملک بدر کیا جائے اور ہالینڈ کی مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔پیر افضل قادری کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کی قیادت سے رابطہ کیا ہے ۔ اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان کے ممکنہ احتجاج کے حوالے سےوفاقی وزارت داخلہ میں اجلاس بھی آج متوقع ہے ۔ دریں اثناتحریک لبیک پاکستان خیبر پختون کے امیرعلامہ ڈاکٹرمحمدشفیق امینی نے کہاکہ ہے کہ ناموس رسالتؐ پر تن،من دھن قربان ہے،ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کیخلاف اسلام آبادمیں ہالینڈکے سفارت خانہ کے سامنے احتجاج کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مرکزی امیرعلامہ خادم حسین رضوی کی ہدایت پر جمعرات کودن ایک بجے عاشقان رسولؐ کاقافلہ رنگ روڈپرپشاورموٹروے سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا،جو سیکڑوں گاڑیوں پرمشتمل ہوگا،پشاورسے روانہ ہونیوالے قافلے میں چارسدہ، مردان، نوشہرہ صوابی انٹرچینج سے دیگر قافلے شامل ہونگے۔جبکہ گستاخانہ خاکوں کیخلاف آل پرائیویٹ ا سکولز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے زیر اہتمام چہلہ(پل)پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،جس میں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اوربینرز اٹھارکھے تھے ،جن پر،ہالینڈمردہ باد ،گستاخ رسولؐ کی سزاسرتن سے جدا کے نعرے درج تھے۔ مقررین نے مظاہرے سے خطاب میں مطالبہ کیا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو اقوام متحدہ فوری طور پر رکوائے، حکومت پاکستان ہالینڈ کے سفارتخانے کو بندکرے اور ہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔

Comments (0)
Add Comment