نیب قانون بدلنے-سی پیک منصوبوں پر ازسرنو مذاکرات کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ امت /مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے تیسرے اجلاس میں سی پیک پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بعض منصوبوں پر چین سے ازسرنو مذاکرات کئے جائیں گے۔ نیب قوانین، انسداد دہشت گردی کی دفعات میں ترامیم، سول سروس اصلاحات لائی جائینگی۔ کابینہ نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام اور فاٹا کا خیبر پختون میں انضمام کیلئے کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ کابینہ نے نیب قوانین میں ترامیم، مجموعی ضابطہ فوج داری، انسداد دہشت گردی کے قوانین میں ترامیم، ملک بھر میں ایک کروڑ نوکریوں کی گنجائش نکالنے، 50لاکھوں گھروں کی تعمیر، سادگی و کفایت شعاری یقینی بنانے کیلئے ٹاسک فورسز تشکیل دیدی ہیں۔ وفاقی عہدوں کی تنظیم نو، وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے اخراجات میں کمی کا جامع مکینزم بنانے، سادگی، اخراجات میں کمی، 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے جامع نظام بنانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ نیب کی سفارش پر صدر نیشنل بینک سعید احمد خان کو برطرف کر کے ان کی جگہ طارق جمالی کو بینک کا قائم مقام سربراہ بنا دیا ہے۔ آئی بی، نیکٹا اور ایف بی آر میں نئے سربراہان کا تقرر کیا گیا۔ کابینہ نے ملک بھر میں 10ارب پودے فوری طور پر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2ستمبرکو پلانٹ فار پاکستان ڈے منایا جائے گا۔ اس روز 15لاکھ نئے پودے لگانے، مفت دینے کیلئے ملک بھر میں پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ حکومت میں آنے سے قبل تحریک انصاف نے نیب قوانین میں ترامیم کر کے بار ثبوت استغاثہ کے بجائے ملزمان پر ڈالنے کی تجویز دی تھی۔ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کا اعلان اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم کے مشیر امین اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس کا بنیادی ایجنڈا پی ٹی آئی کے100 دن کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینا تھا۔ کابینہ نے نیب قوانین مؤثر بنانے کیلئے ترامیم کیلئے ٹاسک فورس وزیر قانون کی سربراہی میں بنا دی ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے، جو نواز لیگ و پی پی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں بھی ترامیم لائی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے سی پیک منصوبوں پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ان میں توانائی، انفرا اسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں۔ نظرثانی کے بعد کچھ منصوبوں پر نئے سرے سے مذاکرات کریں گے۔ سادگی و کفایت شعاری یقینی بنانے کیلئے ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کیلئے ٹاسک فورس کو 90دن کا وقت دیا گیا ہے۔وزیر اعظم ہر 15 دن بعد ٹاسک فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی پیچیدگیوں کو90 دنوں میں حل کیا جائے گا۔ نیکٹا مزید فعال بنائی جائے گی۔ وراثت میں خواتین کو حصے کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے قوانین بنائے جائیں گے۔ حکومت ملک میں کسی کنٹریکٹ ملازم کو بھی فارغ نہیں کرے گی۔ فاٹا سے متعلق کمیٹی میں گورنر، وزیر اعلیٰ خیبر پختون، وزیر دفاع، مشیر اسٹیبلشمنٹ شامل ہوں گے۔ کمیٹی فاٹا کے خیبر پختون میں انضمام کو تیز کرتے ہوئے حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔گورننس کے معاملات اور صحت کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق سفارشات کی تیاری کیلئے بھی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین نیشنل بینک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ وہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر امین اسلم نے کہا کہ ملک میں فوری طور پر10ارب پودے لگائے جائیں گے۔ 2ستمبر کو ملک بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز ہوگا۔ اس روز وزیر اعظم اسلام آباد، وزرائے اعلیٰ متعلقہ صوبائی دارالحکومتوں میں پودے لگائیں گے۔ 2ستمبر کو ملک بھر 15لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔اس کیلئے فیس بک پیج بھی بنایا جائے گا۔ امید ہے کہ سب پاکستانی اس میں حصہ ڈالیں گے۔ ادھر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بیورکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد جہانزیب کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا نیا چیئرمین و سیکریٹری ریونیو ڈویژن مقرر کردیا گیا ہے۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیمان خان کی جگہ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی کے سربراہ گریڈ 22 کے افسر مہر خالق داد لک کو نیکٹا کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد سلیمان خان کو انٹیلیجنس بیورو کا نیا ڈائریکٹر جنرل بنا دیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment