کھانوں میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت استعمال کئے جانے کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صنعتی ایریا میں قائم چھپڑا ہوٹلوں پر لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت استعمال کیا جاتا ہے۔ امت سروے کے دوران چھپڑا ہوٹل کے ملازم نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ان چھپڑا ہوٹلوں میں غیر معیاری اشیا کا استعمال عام ہے جس میں خصوصی لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت شامل ہے۔ ہوٹل مالکان میٹروول میں کے الیکٹرک کے آفس کے سامنے واقع مخصوص دکان سے بیمار اور لاغر جانوروں کا سستا گوشت خریدتے ہیں ۔ لانڈھی کورنگی صنعتی ایریا مرتضیٰ چورنگی کےچھپرا ہوٹل پر کام کرنے والے ملازم ابرار نے بتایا کہ ان ہوٹلوں میں سبزیاں بھی خستہ اور باسی استعمال کی جاتی ہیں اسی وجہ سے ملازم ہونے کے باوجود میں یہاں پر بننے والا کھانا نہیں کھاتا ۔ امت کو فیڈرل بی صنعتی ایریا میں ہوٹل ملازم وارث نے بتایا کہ ان ہوٹلوں پر مضر صحت مصالحہ جات، گھی کا استعمال کیا جاتا ہے، اس نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں چربی، ہڈیوں سے نکالا جانے والا گھی استعمال کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی سستا ملتا ہے، مصالحہ جات میں مصنوعی ذائقے استعمال کئے جاتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment