پشاور(امت نیوز)حکومت برطانیہ کے شعبہ بین الاقوامی ترقی ( ڈی ایف آئی ڈی)کے وفد نے کے پی فوڈ اتھارٹی ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد فوڈ فورٹ فکیشن پر جاری پروجیکٹ کا احاطہ خیبرپختونخوا تک بڑھانا تھا۔ وفد میں ادارے کے سربراہ کنگ سٹیورٹ سمیت لیلیٰ رباب اور ڈاکٹر توصیف اختر جنجوعہ شامل تھے۔ برطانوی ادارے کے ٹیم لیڈ کنگ سٹیورٹ نے ملاقات کے دوران پاکستان میں مخفی غذائی قلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر بچے وٹامن اور معدنی کمی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے جسمانی و ذہنی نشونما متاثر ہوتی ہے ۔ وفد سے ملاقات کے دوران ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شعیب خان کا کہنا تھا کہ کے پی فوڈ اتھارٹی کا مقصد عوام کی فلاح بہبود ہے اور عوام میں غذائی قلت کو دور کرنے کیلئے کے پی فوڈ اتھارٹی ایسے پراجیکٹ کا خیرمقدم کرتی ہے اور ڈی ایف آئی ڈی کو ہرممکن سہولت و سپورٹ فراہم کریگی۔ ڈاکٹر توصیف اختر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ خوراک کو محفوظ بنانے میں اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے میں مدد کرے گا اور فلورملوں اور گھی ملوں میں فوڈ فورٹیفیکیشن پونٹس قائم کئے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مد میں کے پی فوڈ اتھارٹی واحد ادارہ ہے جو کہ عوامی فلاح و بہبود میں پیش پیش ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوراک میں پروڈکشن کے دوران معدنیات اور وٹامن کی مطلوبہ مقدار کو یقینی بنایا جائیگا ۔ اس دوران ایڈوکیسی اینڈ کمیونی کیشن منیجرلیلیٰ رباب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو مطلوبہ معدنیات کی دستیابی اور اہمیت سے متعلق روشناس کیا جائے گا اور ترغیبی نشستوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل کے پی فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر سید عبدالستار شاہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تمام فلور اور گھی ملوں کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کروڑوں لوگ معدنی اور وٹامن کی کمی کا شکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فولاد، آئیوڈین اور وٹامن ڈی کی کمی دیہاتوں میں عام ہے۔ ڈاکٹر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ادارہ ہذا گھی اور فلور ملوں کو مشینری اور سبسڈائز ریٹ پر معدنی اشیا اور وٹامن فراہم کرے گا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مائیکرو فیڈر فلور ملوں میں نصب کئے جائینگے جس کے ذریعے آٹے میں مطلوبہ وٹامنز کو مکس کیا جائیگا۔ملاقات کے آخر میں کے پی فوڈ اتھارٹی کے عملے نے وفد کو اعزازی شیلڈ پیش کئے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔