راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) 1965 کی جنگ کے غازی سپاہی مقبول حسین کی نمازجنازہ ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف، افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 1965کی جنگ کے غازی سپاہی مقبول حسین کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں اداکی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت دیگر افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں ناریاں آزاد کشمیر میں سپردخاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق غازی سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کرگئے تھے، 1965کی جنگ کے دوران سپاہی مقبول حسین زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد بھارتی فوج نے انہیں جنگی قیدی بنا لیا تھا، سپاہی مقبول حسین 40سال بھارتی جیلوں میں قید رہے اور 2005میں انہیں رہائی ملی، سپاہی مقبول حسین کو ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔