اہلیہ سے تنازع پر تھانیدار منگھوپیر نے 2بھائی فٹ کرادیے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)قانون کے رکھوالے نے ہی قانون کی دھجیاں اڑادیں۔تھانیدار منگھوپیر نے اہلیہ سے تنازع پر اس کے کزن 2 بھائیوں کو جھوٹے مقدمے میں فٹ کردیا۔ایس ایچ او نے دونوں بھائیوں کو گھر سے اٹھاکر اپنے تھانے کی حدود میں مسلح ڈاکو ظاہر کرکے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق وقار عرف وکی اور دانش کو اسٹریٹ کرائم کے خلاف مہم کے دوران چنگی ناکہ منگھوپیر کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کے خلاف غیرقانونی اسلحہ برآمد ہونے کے مقدمات درج کئے گئے اور انہیں اتوار کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا تھا۔ایک ملزم کے بھائی یوسف نے نجی چینل کو اصل واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر دستاویزی ثبوت پیش کرتے ہوئے دونوں افراد کی گرفتاری کی اصل روداد سنائی۔یوسف کے مطابق ایس ایچ او منگھوپیر شاہد تاج نے پولیس پارٹی کے ہمراہ 28اگست کو علی الصبح ساڑھے 3بجے بریگیڈ تھانے کی حدود خداداد کالونی کی الہادی بلڈنگ میں غیرقانونی طور پر کارروائی کرکے 2بھائیوں کو حراست میں لیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ تمام کارروائی ریکارڈ پر ہے۔یوسف کے مطابق دونوں لڑکوں کی پھپھی زاد بہن ایس ایچ او شاہد تاج کی بیوی ہے۔کارروائی کے دوران لیڈی سرچر ساتھ تھی اور نہ ہی بریگیڈ پولیس کو آمد کی اطلاع دی گئی۔گھر پر چھاپہ صبح ساڑھے 3 بجے مارا اور گرفتاری ڈھائی بجے ظاہر کی گئی۔اہل خانہ کے مطابق چھاپے کے وقت تھانیدار کی بیوی پرائیویٹ گاڑی میں بلڈنگ کے باہر موجود تھی۔خاندانی ذرائع کے مطابق بھابھی سے اونچی آواز میں بات کرنے کے انجام کا کہہ کر پولیس اہلکاروں نے لڑکوں پر تشدد کیا۔ایس ایچ او شاہد تاج اور اس کی اہلیہ نے دونوں لڑکوں کو زمین پر گرا کر لاتوں سے مارا۔اہل خانہ نے خاتون کو فون کر کے معاملہ رفع دفع کرنے کا کہا تو اس نے پیغام بھیجا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ ٹیلیفونک گفتگو میں خاتون نے لاشیں گرانے اور مزید انجام کی دھمکیاں دیں۔ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان کے مطابق پولیس کو دی گئی درخواست پر شکایت ملنے پر ابتدائی تحقیقات میں ایس ایچ او کے خلاف کئی سنگین الزامات سامنے آئے۔ایس ایچ او شاہد تاج کو معطل کرکے عہدے میں تنزلی بھی کردی گئی ہے۔ڈاکٹر رضوان کے مطابق کارروائی میں ملوث دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment