شہری پرتشدد کرنیوالے عمران علی شاہ نے ایدھی فاؤنڈیشن میں 5لاکھ جرمانہ جمع کرادیا

کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرعمران علی شاہ نے ایدھی فانڈیشن میں 5 لاکھ روپے جمع کرا دیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شہری کو تھپڑ مارنے کے جرم میں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹرعمران علی شاہ پر5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے ایم پی اے ڈاکٹرعمران علی شاہ نے گزشتہ روز ایدھی سینٹرٹاور میں 5لاکھ روپے جمع کرائے۔ انہیں سزا کے طور پر 20مریضوں کا علاج بھی کرانا ہے۔یاد رہے چند روز قبل تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا، بعد ازاں انہوں نے شہری کے گھر جاکر ان سے معافی مانگی تھی۔بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو عدالت طلب کیا تھا، تاہم جب انہیں آگاہ کیا گیا کہ متاثرہ شہری ایم پی اے عمران علی شاہ کو معاف کرچکا ہے توکیس خارج کردیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment