کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صدارتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کیساتھ چلیں گے، عارف علوی کو صدارتی الیکشن کیلئے ووٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔جام کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بلوچستان کو بہت سے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے، یہاں پسماندگی تمام صوبوں سے زیادہ ہے، پسماندگی کے خاتمے کیلئے حقیقی طور پر کام کرنا ہے، بلوچستان میں صرف دعوے نہیں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا بلوچستان کی پسماندگی کے حوالے سے ملاقات میں زیادہ گفتگو ہوئی۔ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان پسماندگی سے نکلے، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مکمل اتفاق ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے اپنے وسائل پیدا ہوجانے چاہئیں تاکہ کسی سے مانگنا نہ پڑے۔ یاد رہے الیکشن کمیشن نے 4ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔