کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز اور پاکستان کوارٹرز کی متاثرہ خواتین کے ایک وفد نے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے اپنی بیدخلی پر تعاون کی اپیل کی۔ ملاقات سیف الدین ایڈووکیٹ، کلیم الحق عثمانی، نجیب ایوبی، نصیر الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم نے وفد کی مکمل حمایت اور مسئلہ حل کرانے کے لئے جدوجہد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متاثرین خود کو اکیلا نہ سمجھیں۔ جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے اور سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی اس سلسلے میں بھرپور کوشش کرے گی۔ نمائندوں کو ساتھ ملا کر مسئلہ حل کرانے کی کوشش کرے گی۔ متاثرین کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں، کیونکہ یہ حقیقی مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں کوارٹرز کے حوالے سے درست رپورٹ نہیں پیش کی اور کیس کی سماعت سے ایک دن قبل پولیس کی مدد سے مکینوں کو بے دخل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے متاثرین کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔