اسلام آباد(بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کےتحت آئندہ ماہ مزید 8 سے 10 وزراء کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ اس وقت 16 وزرا اور 5مشیروں پر مشتمل ہے اور کئی وزارتیں اب تک خالی ہیں جن کے قلمدان وزیراعظم کے پاس ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وزارتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہےکہ بہت ساری وزارتیں خالی ہونے کی وجہ سے حکومتی مشینری اپنا کام درست طریقے سے انجام نہیں دے پارہی اور فیصلہ سازی کے اقدمات میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جس طرح اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے لیکن اس کے 6 وزرا کے عہدے خالی ہیں جن میں مواصلات، پاور ڈویژن، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، نجکاری، شماریات اور آبی وسائل شامل ہیں، ان وزارتوں کے فیصلے سیکریٹری کی حد تک تو ہوسکتے ہیں لیکن اہم فیصلے نہیں ہو پارہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے خالی وزارتوں کو پر کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جس کے بعد آئندہ ماہ 8 سے 10 وزرا کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے نئے وزرا کے لئے عمران خان نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔واضح رہےکہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کے امور دیکھنے کےلیے شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔