اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدارتی انتخاب کے لیے اعتزاز احسن، مولانا فضل الرحمان،امیرمقام اور عارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جس کے بعد ملک بھر سے جمع کرائے گئے 12 امیدواروں میں سے 4 کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت اعتزاز احسن اور عارف علوی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں موجود تھے تاہم مولانا فضل الرحمان کے بجائے جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما موجود تھے۔عارف علوی کے کاغذات نامزدگی پرمولانا فضل الرحمان کے وکیل کامران مرتضیٰ نے اعتراض کیا کہ سندھ ہائی کورٹ میں عارف علوی کے خلاف پٹیشن دائر ہوئی ہے۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا، جب نوٹس نہیں ملا تو کیسے ہم کارروائی کریں ؟ ، کامران مرتضیٰ نے کہا کہ میں آپ کے نوٹس میں یہ معاملہ لارہا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے عارف علوی کے کاغذات منظورکرلیے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوارکاغذات نامزدگی آج 30 اگست کودن 12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز دوپہر ایک بجے جاری کی جائے گی۔ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔واضح رہے کہ صدرمملکت ممنون حسین کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔