بیانات سےلگتا ہےنوکریاں-گھرگوگل پرڈھونڈنےپڑیں گے-مریم اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا حکومتی بیانات سے لگتا ہے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر گوگل پر ڈھونڈنے پڑیں گے فواد چودھری وزیر اطلاعات بنیں، تحریک انصاف کے ترجمان نہیں، بطورتحریک انصاف بار بات جھوٹ بول کے کام چلایا جا سکتا تھا اب ویسے بات نہیں بنے گی،دوسروں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی نہ لگائیں، نئے منصوبے لائیں،جن کا عوام سے آپ نے وعدہ کیا ہے،حکومتی بیانات سے لگتا ہے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر گوگل پر تلاش کرنے پڑیں گے، پیمرا کی تشکیل نو کسی کی خواہش پر نہیں ،آئینی و قانونی طریقہ کار سے ہی ہو سکتی ہے، میڈیا کی آزادی سلب کرنے کیلئے مزید کوئی کالا قانون نہیں لانے دیں گے۔ بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چودھری صاحب وزیر اطلاعات بنیں، تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں،بطور تحریکِ انصاف بار بات جھوٹ بول کے کام چلایا جا سکتا تھا اب ویسے بات نہیں بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کیخلاف سیاست سے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں مل سکتے، سینیٹ کے معزز ایوان اور کنٹینر پر کھڑے ہوکر بولنے کے فرق کو سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بارے میں آپ کا بیان ایسے ہی ہے جیسے عمران صاحب 55روپے میں بنی گالا سے وزیراعظم آفس آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری صاحب پی ٹی وی پارلیمنٹ کا مئی 2018 میں افتتاح ہو چکا ہے جس کے ذریعے آج آپ کی آواز عوام تک پہنچ رہی ہے اس کا دوبارہ افتتاح کرنے کی ضرورت نہیں ،دوسروں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی نہ لگائیں، نئے منصوبے لائیں،جن کا عوام سے آپ نے وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد صاحب اکیسویں صدی کے گوئیبلز نہ بنیں،گزشتہ دس دن میں ریاستی اور حکومتی امور کیساتھ ہونیوالے مسخرہ پن اور جگ ہنسائی پر عوام حیران و پریشان ہیں۔

Comments (0)
Add Comment