اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیمرا اور پریس کونسل کو ختم کرکے نیا نگراں ادارہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کا پلڑا بھاری ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی پارٹی کتنی سنجیدہ ہے، مولانا فضل الرحمان کے لیے جو پارلیمنٹ بوگس اور جعلی ہے وہ اسی سے ووٹ حاصل کرکے صدر بننا چاہتے ہیں۔ صدر بننے کے لئے بوگس پارلیمنٹ کے ووٹ حلال کیسے ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان ایوان کو عزت دینے کے لئے پہلے دن ہی ایوان میں آئے جب کہ نوازشریف ایوان میں نہیں آتے تھے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت اشتہاروں پر ہی چل رہی تھی، حکومت نے ذاتی تشہیر کے لیے سرکاری اشتہارات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، نظرثانی کمیٹی بنائی گئی ہے جو اشتہاروں کے معاملات کو دیکھے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی میں سنسر شپ ختم کردی ہے، پی ٹی وی نیشنل کا نام بدل کر پی ٹی وی سیاست کیاجارہا ہے، جس میں سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کی کارروائی اور کمیٹیوں کے اجلاس براہ راست دکھائے جائیں گے۔ ساری قوم دیکھے گی کہ ان کے منتخب نمائندے پارلیمنٹ میں کیا کر رہے ہیں۔پریس کونسل صرف پرنٹ میڈیا کو اور پیمرا الیکٹرانک میڈیا کے معاملات دیکھتا ہے ، پیمرا اور پریس کونسل کو ختم کرکے نیا نگراں ادارہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ ادارہ الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ سائبر میڈیا کی بھی نگرانی کرے گا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عدالت لایا ہی کیوں جاتا ہے، انہیں عدالت لانے اور واپس لے جانے پر بہت خرچ ہوتا ہے ان کا جیل میں ہی ٹرائل ہونا چاہیے کیونکہ جیل میں تمام سہولیات موجود ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیر اعظم ہیں، ان کی سیکیورٹی ملک کی عزت کا سوال ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ وزیراعظم کے لیے حفاظتی اقدامات کرے۔