ایم ایس او کا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف کل ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان

راولپنڈی(خصوصی رپورٹر، خبر نگار خصوصی)مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ایم ایس او) نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کل 31 اگست کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دنیا کا امن تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے، عالمی امن کے ٹھیکیدارمسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہ کریں،ناموسِ رسالتﷺ کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان شہزاد احمد عباسی نے راولپنڈی ڈویژن کے مشترکہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہناتھا کہ ایم ایس او پاکستان بروز جمعہ پورے ملک کے صوبائی مراکز کراچی،لاہور،پشاور اور راولپنڈی سمیت کشمیر میں بھی احتجاجی ریلیاں منعقد کرے گی جن میں سیاسی و مذہبی تنظیموں سمیت تمام مکاتب فکر کے نمائندوں کو دعوت دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بالخصوص وزیر اعظم پاکستان کا معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے مختلف فورمز پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز اٹھانا خوش آئند ہے،تاہم حکومت پاکستان فوری طور پر ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کر کے نیدر لینڈ ایمبیسی کو بند کرنے کے احکامات جاری کرے۔مرکزی ترجمان ایم ایس اوپاکستان نے واضح کہا کہ ہم مختلف سٹوڈنٹس آرگنائزیشنز سے رابطے میں ہیں اور آئندہ چند دنوں یوتھ الائنس تشکیل دیا جائیگا اور جب تک خاکوں کی اشاعت پر پابندی نہیں لگ جاتی احتجاج جاری رہے گا۔

Comments (0)
Add Comment